اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ اگر عدالتیں بنیادی حقوق پر عملدرآمد نہیں کرائیں گی تو پھر کون کرائے گا، تمام سیاسی جماعتوں کو دوبارہ اکٹھا ہونا ہوگا۔
لاہور ہائیکورٹ بار میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کی یہ ایک اچھی کاوش ہے، آج ہم دو ایجنڈوں پر اکٹھے ہوئے ہیں، میری درخواست ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دوبارہ متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی یہاں آنا چاہتے تھے، تاہم انہیں اور مولانا غفور حیدری کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کے گھر کا گھیراؤ کر لیا۔ ہم اکٹھے لاہور آئے تھے، لیکن مجھے وکیل ہونے کا فائدہ مل گیا۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے جبکہ ان کی ہاؤس اریسٹ کے خلاف درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ بغیر کسی نوٹس کے کیا گیا۔ اگر کسی کی آزادی بغیر نوٹس روک دی جائے تو کیا ہائیکورٹس کچھ نہیں کر سکتیں؟ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹس کے اختیارات ہی کم کر دیے گئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ